ابنا: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں ایڈیشنل سیشن جج سید ذوالفقار نقوی کی گن مین اور ڈرائیور سمیت شہادت کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، قائداعظم کے پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید سیشن جج ذوالفقار نقوی کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ ملک کے امن کو تہہ و بالا کیا جاچکا ہے جبکہ ملکی معیشت بھی تباہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر اور شناخت کرکے قتل کردیا جاتا ہے اور ان دلخراش واقعات کے باوجود دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جب انصاف فراہم کرنے والوں کو ہی تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا تو یہ توقع کیسے رکھی جاسکتی ہے کہ عوام کے جان و مال و عزت و آبرو محفوظ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کردیا گیا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سید ذوالفقار علی نقوی، ان کے گن مین اور ڈرائیور کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
.....
/169